ابو لہب کا ہاتھ کٹ جائے

SiteTitle

صفحه کاربران ویژه - خروج
ورود کاربران ورود کاربران

LoginToSite

SecurityWord:

Username:

Password:

LoginComment LoginComment2 LoginComment3 .
SortBy
 
تفسیر نمونه جلد 27
اور اس کی فضیلت ۱۔ قرآن کے اعجاز کی ایک اور نشانی

جیسا کہ ہم نے اس سورہ کے شان نزول میں بیان کیا ہے یہ سورہ حقیقت میںپیغمبر اکرم کے چچا،عبد المطلب کے بیٹے”ابو لہب کی بری باتوں کاجوا ب ہے جو اسلام کے سخت دشمنو ں میں سے تھا اور جس نے پیغمبر اکرم کی آشکار اور عمومی دعوت اور عذاب ِالٰہی کے بارے میںآپ کے انداز کو سن کر یہ کہا تھا کہ:”تو ہلاک ہو جائے ،کیا تو نے ہمیں انہی باتوں کے لیے پکارا تھا“؟
قرآن مجید اس بد زبان شخص کے جواب میں فرماتا ہے :
”ابو لہب کے دونوں ہاتھ کٹ جائیں،یا وہ ہلاک ہو جائے اور خسارہ اُٹھائے “۔
(تب یدا ابی لھب وتب)”تب“و ”تباب “(بر وزن ِخراب )”مفر دات “میں ”راغب “کے قول کے مطابق دائمی خسارے کے معنی میں ہے لیکن ”طبرسی“نے”مجمع البیان “میں یہ کہا ہے کہ یہ اس نقصان کے معنی ہے جو ہلاکت پر منتہی ہو۔
بعض ارباب لغت نے اس کی ”قطع کرنے “کے معنی میں بھی تفسیر کی ہے اور شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ ہلاکت پر منتہی ہو نے والا دائمی نقصان طبعاََ قطع ہونے اور کٹ جانے کا سبب بنتا ہے۔ان معانی کے مجموعہ سے وہی بات معلوم ہوتی ہے جو ہم نے آیہ کے معنی میں بیان کی ہے ۔
البتہ یہ ہلاکت اور نقصان ممکن ہے دنیوی پہلو رکھتا ہو یا معنوی و اُخروی یا دونوں۔
یہاںیہ سوال سامنے آتاہے کہ قرآن مجید نے اپنی روش اور سیرت کے بر خلاف ایک شخص کا نام کیسے لے لیااوراس شدّت کے ساتھ اس پر حملہ کیو ں کیا ہے ؟لیکن ابو لہب کی حثییت معلوم ہو نے سے اس سوال کا جواب واضح ہوجاتا ہے۔اس کا نام ”عبد العزیٰ“(عزی بت کا بندہ )اور اس کی کنیت”ابو لہب “تھی ۔اس کے لیے اس کنیت کا انتخاب شاید اس وجہ سے تھاکہ اس کاچہرہ سرخ اور بھڑکتا ہو اتھا ،چو نکہ لغت میں لہب آگ کے شعلہ کے معنی میں ہے۔
وہ اور اس کی بیوی ”اُمِ جمیل “جو ابو سفیان کی بہن تھی ،پیغمبر اکرم کے نہایت بد زبان اور سخت ترین دشمنو ں میںسے تھے۔ایک روایت میں آیا ہے کہ ”طارق محاربی“نامی ایک شخص کہتا ہے :میں”ذی المجاز“ کے بازار میں تھا۔(ذی المجاز عر فات کے نزدیک مکہّ سے تھوڑے سے فاصلہ پر ہے)اچانک میں نے ایک جوان کو دیکھاجو پکار پکار کر کہہ رہا تھا:اے لوگوں!لا الٰہ الاّاللہ کا اقرار کر لوتو نجات پا جاؤ گے ۔اور اس کے پیچھے پیچھے میں نے ایک شخص کو دیکھا جو اس کے پاؤں کے پچھلے حصہ پر پتھر مار تا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس کے پاؤںسے خون جاری تھا اور وہ چلا چلا کر کہہ رہاتھا”اے لوگوں!یہ جھوٹاہے،اس کی بات نہ ماننا“!
میں نے پوچھا کہ یہ جوان کون ہے ؟تو لوگوں نے بتایا:”یہ محمّد“ ہے جس کا گمان یہ ہے کہ وہ پیغمبر ہے اور یہ بوڑھا اس کا چچا ابو لہب ہے جو اس کو جھوٹا سمجھتاہے۔.- 1
ایک اور د وسری روایت میںآیا ہے کہ ”ربیع بن عباد“کہتا ہے :میں اپنے باپ کے ساتھ تھا،میں نے رسول اللہ کو دیکھا کہ وہ قبائل عرب کے پاس جاتے اورہر ایک کو پکار کر کہتے:میں تمہاری طرف خدا کا بھیجا ہو ارسول ہوں:تم خدائے یگانہ کے سوا کسی اور کی عبادت نہ کرواور کسی کو اس کا شریک نہ بناؤ۔جب وہ اپنی بات سے فارغ ہو جاتا تو ایک خو برو بھینگا آدمی جو ان کے پیچھے پیچھے تھا،پکار کر کہتا:”اے فلاں قبیلہ :یہ شخص یہ چاہتا ہے کہ تم لات وعزی بت اور اپنے ہم پیمان جنوں کو چھوڑدو اور اس کی بد عت وضلالت کی پیروی کر نے لگ جاؤ۔اس کی بات نہ سننا، اور ا س کی پیروی نہ کرنا!میں نے پوچھا کہ یہ کون ہے ؟تو انہوں نے بتایا کہ یہ ”اس کا چچا ابو لہب ہے“۔ 2
ایک اور روایت میں آیا ہے کہ جب مکہّ سے باہر کے لوگوں کا کوئی گروہ اس شہرمیں داخل ہوتا تھا تو وہ پیغمبر سے اس کی رشتہ داری اور سن و سال کے لحاظ سے بڑا ہو نے کی بنا پر ابو لہب کے پاس جاتا تھااور رسول اللہ کے بارے میں تحقیق کرتا تھا ۔وہ جواب دیتا :محمّد ایک جادو گر ہے۔وہ بھی پیغمبر سے ملاقات کیے بغیر ہی لوٹ جاتے۔اسی اثناء میںایک ایسا گروہ آیا جنہوں نے یہ کہا کہ ہم تو اسے دیکھے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ابو لہب نے کہا:”ہم مسلسل اس کے جنون کا علاج کر رہے ہیں!وہ ہلاک ہو جائے ! 3
ان روایات سے اچھی طرح معلوم ہو جاتا ہے کہ وہ اکثر مواقع پرسایہ کی طرح پیغمبر کے پیچھے لگا رہتا تھا اور کسی خرابی سے فرد گزاشت نہ کرتا تھا۔خصوصاََاس کی زبان بہت ہی گندی اور آلودہ ہوتی تھی اور و ہ رکیک اور چبھنے والی باتیں کیا کرتاتھا۔اور شاید اسی وجہ سے پیغمبر اسلام کے سب دشمنوںکا سر غنہ شما رہوتا تھا ۔اسی بناء پرزیربحث آیات اس پر اس کی بیوی ام جمیل پر ایسی صراحت ا ور سختی کے ساتھ تنقید کر رہی ہیں۔
وہی ایک اکیلاایسا شخص تھا جس نے پیغمبر اکرم سے بنی ہاشم کی حمایت کے عہد و پیمان پر دسخظ نہیں کیے تھے اور ا س نے آپ کے دشمنوں کی صف میں رہتے ہوئے دشمنوں کے عہد وپیمان میں شرکت کی تھی ۔ان حقا ئق کی طرف توجہ کرنے سے اس سورہ کی استثنائی کیفیت کی دلیل واضح ہو جاتی ہے۔
اس کے بعد مزید فرماتا ہے:اس کے مال و ثروت نے اور جوکچھ اس نے کمایا ہے اس نے ،اسے ہرگزکوئی فائدہ نہیں دیااور وہ اسے عذاب الٰہی سے نہیں بچا ئے گا۔“(ما اغنیٰ عنہ ما لہ وما کسب ) 4
اس تعبیر سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایک دولت مند مغرور شخص تھا جو اپنی اسلام دشمن کو ششوں کے لیے اپنے مال ِو دولت پربھروسہ کرتاتھا۔
بعد والی آیت میں مزید کہتاہے:”وہ جلدی ہی اس آگ میںداخل ہوگاجس کے شعلے بھڑکنے والے ہیں۔“(سیصلیٰ نارََا ذات لھب )اگر اس کا نام ”ابو لہب “تھا تو اس کے عذاب کی آگ بھی”ابو لہب “ہے اور وہ بہت ہی عظیم شعلے رکھتی ہے۔(اس بات پر توجہ رہے کہ ”لہب “یہاں نکرہ کی صورت میں آیا ہے اور یہ اس شعلہ کی عظمت کی دلیل ہے)۔نہ صرف ابو لہب کو بلکہ کسی بھی کافر اور بد کارکو اس کا مال و ثروت اور اس کی اجتماعی ومعا شرتی حثییت جہنم کی آگ اور خدا کے عذاب سے رہائی نہیں بخشیں گے،جیسا کہ سورہ شعراء کی آیہ ۸۸و۸۹ میں آیا ہے:یوم لا ینفع مال ولا بنون الّامن اتی اللہ بقلب سلیم :قیامت ایک ایسا دن ہے جس میں انسان کو نہ تو ا س کامال ہی کوئی فائد ہ دے گا اور نہ ہی اس کی کوئی اولاد ،سوائے اس شخص کے جو قلب سلیم (یعنی ایمان و تقویٰ کی روح کے ساتھ )پر وردگار کے دربار میں حاضر ہو۔مسلمہ طور پر آیہ ”سیصلیٰ ناراََ ذات لھب “سے مراد جہنم کی آگ ہے ،لیکن بعض نے احتمال دیا ہے کہ اس میں دنیا کی آگ بھی شامل ہے ۔
روایات میں آیا ہے کہ جنگ ”بدر “اور سخت شکست کے بعد ،جو مشرکین قریش کو اُٹھانی پڑی تھی ،ابو لہب نے جو خود میدان جنگ میں شریک نہیں ہو اتھا۔ابو سفیان کے واپس آنے پر اس سے ماجرے کے بارے میں سوال کیا:
ابوسفیان نے قریش کے لشکر کی شکست اور سر کوبی کی کیفیت اس سے بیان کی ۔اس کے بعد اس نے مزید کہا:خدا کی قسم ہم نے اس جنگ میںآسمان و زمین کے درمیان ایسے سوار دیکھے ہیںجو محمّد کی مدد کے لیے آئے تھے ۔اس موقع پر”عباس “ کے ایک غلام ”ابو رافع“نے کہا :میں وہاں بیٹھا ہوا تھا ،میں نے ا پنے ہاتھ بلند کیے اور کہا کہ وہ آسمانی فرشتے تھے۔اس سے ابو لہب بھڑک اُٹھا اور اس نے ایک زور دار تھپڑ میرے منہ پر دے مارا۔مجھے اُٹھا کرزمین پر پٹخ دیااور اپنے دل کی بھڑاس نکالنے کے لیے مجھے پیٹے چلے جا رہا تھا۔وہاں عباس کی بیوی”ام الفضل“ بھی موجودتھی اس نے ایک چھڑی اُٹھائی اورابو لہب کے سر پر دے ماری اور کہا:”کیا تو نے اس کمزور آدمی کو اکیلا سمجھا ہے ؟“
ابو لہب کا سر پھٹ گیا اور اس سے خون بہنے لگا۔سات دن کے بعد اس کے بدن میں بدبو پیدا ہو گئی،اس کی شکل میں طاعون کے دانے نکل آئے اور وہ اسی بیماری سے واصل جہنم ہو گیا۔اس کے بدن سے اتنی بدبو آرہی تھی کہ لوگ اس کے نزدیک جانے کی جرات نہیں کرتے تھے ۔وہ اسے مکہّ سے باہر لے گئے اور دور سے اس پر پانی ڈالااور اس کے بعد اس کے اُوپرپتھر پھینکے۔یہاں تک کہ اس کا بدن پتھروں اور مٹی کے نیچے چھپ گیا ۔ 5
بعد والی آیت میں اس کی بیوی ”اُمِ جمیل “کی کیفیت بیان کرتے ہوئے فرماتا ہے :”اس کی بیوی بھی جہنم کی بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہوگی،جو اپنے دوش پر ایندھن اُٹھاتی ہے ۔“(وامراتہ حما لة الحطب ) 6
”اور اس کی گردن میں خرما کی چھال کی رسیّ یاگردن بند ہے۔“(فی جید ھا حبل من مسد)
کوئی شک و شبہ نہیں ہے کہ ابو لہب کی بیوی ۔جو ”ابو سفیان “ کی بہن اور معاویہ کی پھو پھی تھی ۔اسلام کے بر خلاف اپنے شوہر کی عداوتوںاور خرابیوں میں برابر کی شریک تھی لیکن اس بارے میں کہ قرآن نے اس کی حما لة الحطب (دوش پر ایندھن اُٹھانے والی عورت ) کے ساتھ تو صیف کیوں کی ہے،مفسرین نے متعددتفسیر یں بیان کی ہیں:بعض نے تو یہ کہا ہے کہ یہ اس بناء پر ہے کہ وہ کاٹیں دار جھاڑیاں کندھے پراُٹھا کرلاتی تھی اور پیغمبر کے راستہ میں ڈال دیا کرتی تھی تا کہ وہ آپ کے پاؤ ں میں چبھ جائیں۔اور بعض نے یہ کہا ہے کہ یہ تعبیر اس کی سخن چینی اور چغل خوری کے بارے میں آئی ہے ،جیسا کہ کسی نے کہاہے :میان دوکس جنگ چوںآتش است سخن چین بد بخت ہیزم کش است
دو آدمیوں کے در میان جنگ آگ کے مانندہے اور بد بخت چغل خور ایندھن اُٹھانے والا ہے ۔
بعض اسے اس کے شدت سے بُخل سے کنا یہ سمجھتے ہیں ،کیو نکہ وہ اتنی دولت مند ہو نے کے با وجود کسی ضرورت مند کی مددکے لیے تیار ہی نہیں ہوتی تھی ۔اسی لیے اسے ”ہیز م کش“ایندھن اُٹھانے والے فقیر سے تشبیہ دی گئی ہے ۔
بعض یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ قیامت میں بہت سے گروہوں کے گناہوں کو اپنے کندھے پر اُٹھائے ہوئے ہوگی ۔ان معانی میں سے پہلا معنی سب سے زیادہ مناسب ہے ،اگر چہ ان کے در میان جمع بھی بعید نہیں ہے ۔
”جید “(بر وزن دید )”گر دن “کے معنی میں ہے اور اس کی جمع ”ا جیاد“ ہے بعض ارباب لغت کا نظریہ یہ ہے کہ ”جید “و ”عنق “ اور ”رقبہ “تینوں کے ایک ہی معنی ہے ، فرق صرف یہ ہے کہ ”جید “سینہ سے اُوپر والے حصہ کو کہا جاتا ہے ،”عنق “گر دن کی پشت یا ساری گردن کو اور ”رقبہ “مطلقاََگردن کو کہا جاتا ہے ۔اور بعض اوقات ایک انسان کو بھی ”رقبہ“کہتے ہیں ،مثلاََ:”فک رقبہ “یعنی انسان کو آزاد کرنا ۔ 7
”مسد “(بر وزن حسد ) اس رسی کے معنی میں ہے جو کھجور کے پتوں سے بنائی جاتی ہے ۔بعض نے یہ کہا ہے کہ ”مسد “وہ رسی ہے جو جہنم میں اس کی گردن میں ڈالیں گے جس میں کھجور کے پتوں جیسی سختی ہو گی اور اس میں آگ کی حرارت اور لو ہے کی سنگینی ہو گی۔
بعض نے یہ بھی کہا ہے کہ چو نکہ بڑے لوگوں کی عورتیںاپنی شخصیت کو آلات و زیو رات خصو صاََگردن کے قیمتی زیورات سے زینت دینے میںخاص بات سمجھتی ہیں،لہٰذا خدا قیا مت میں اس مغرور و خود پسند عورت کی تحقیر کے لیے لیف خرما کاایک گردن بند اس کی گردن میں ڈال دے گا۔یا یہ اصلاََاس کی تحقیر سے کنایہ ہے۔
بعض نے یہ بھی کہا ہے کہ اس تعبیر کے بیان کرنے کاسبب یہ ہے کہ ”اُمِ جمیل “کے پاس جوا ہرات کا ایک بہت ہی قیمتی گردن بند تھا اور اس نے یہ قسم کھائی تھی کہ وہ اسے پیغمبر اکرم کی دشمنی میں خرچ کرے گی،لہٰذا اس کے اس کام کے بدلے میں خدا نے بھی اس کے لیے ایسا عذاب مقرر کر دیا ہے -


 
1- مجمع البیان “جلد ۱۰ ص۵۵۹
2-فی ظلا ل القرآن“جلد ۸ص۶۹۷
3-تفسیر القرآن “جلد ۳۰ص۵۰۳
4- ماکسب “میں”ما“ ممکن ہے”مو صولہ“یا ”مصدریہ“ہو،بعض ا س کے لیے ایک وسیع معنی کے قائل ہیں جو نہ صرف اس کے اموال بلکہ اس کی اولاد کو بھی شامل ہے ،اور ”ما اغنیٰ عنہ “میں ”ما“مسلمہ طور پر”مانا فیہ “ہے ۔
5--بحار الانوار “جلد ۱۹ ص۲۲۷
6- ”امراتہ“  ”سیصلیٰ“میں پوشیدہ ضمیر پر عطف ہے اور حما لة الحطب “ حال ہے اور منصوب ہے،اور بعض نے مثل ”زمخشری “ کے ”کشاف“میں اسے ”ذم “ کے عنوان سے منصوب جاناہے ۔اور تقدیر میں اس طرح ہے اذاحما لة الحطب ۔لیکن مسلمہ طور پرپہلا معنی بہتر ہے ۔
7- التحقیق فی کلمات القرآن الکر یم “جلد ۲ ،ص۱۵۸
اور اس کی فضیلت ۱۔ قرآن کے اعجاز کی ایک اور نشانی
12
13
14
15
16
17
18
19
20
Lotus
Mitra
Nazanin
Titr
Tahoma