کارو بار کے منافع

SiteTitle

صفحه کاربران ویژه - خروج
ورود کاربران ورود کاربران

LoginToSite

SecurityWord:

Username:

Password:

LoginComment LoginComment2 LoginComment3 .
SortBy
 
استفتائات جدید 01
چاند دیکھنے کے احکام خمس کا مصرف

سوال ۔۳۰۵۔ کیا ہدیہ پر خمس ہے؟

جواب ۔احتیاط واجب کی بنا پر،اس پر خمس ہے۔

سوال ۔۳۰۶۔ اگر کسی خاتو ن کے پاس سونے کے زیورات ہوں ، ان میں سے بعض ھدیہ کے طور پر ملے ہوئے ہوں اور ان پر ایک سال گذر جائے اس صورت میں کیا اس زیور پر خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ اگر وہ زیور اس کے لئے ضروری یا اس کی شان کاحصہ تھے تو اس صورت میں خمس واجب نہیں ہے ۔

سوال ۳۰۷۔ باپ نے اپنے بالغ بچے کو ہدیہ دیا ہے کیا اس ہدیہ پر بھی خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ احتیاط واجب یہ ہے کہ اگر باپ اپنے نابالغ بچہ کو کوئی چیز ہبہ کرے بچہ بالغ ہو نے کے بعد اس کا خمس اداکرے ۔

سوال ۳۰۸۔ علماء حضرات فرماتے ہیں کہ انسان کو اپنا سالانہ حساب رکھنا چاہئیے ، اگر اس کی آمدنی سالانہ اخراجات سے کم ہو ں کیا تب بھی سال کا حساب رکھنا چاہیئے ؟

جواب:۔ علماء کی مراد بھی وہی لوگ ہیں جن کی آمدنی زیادہ اور خرچ کرنے کے بعد باقی بچ جائے ، وہ لوگ مراد نہیں ہیںجن کی آمدنی خرچ سے کم ہے۔

سوال ۳۰۹۔ کیا ریٹائر شخص کی پنشن پربھی خمس واجب ہے ؟

جواب :۔ریٹائر ہونے کے بعد جو رقم حکومت سے دریافت کرتے ہیں اس رقم کاحساب اسی سال کی آمدنی میں ہو گا چنانچہ اگرسال کے خرچ سے زیادہ ہے ، یعنی خرچہ کرنے کے بعد ، بچ جائے تو اس پر خمس واجب ہے ۔
 

سوال ۳۱۰۔ اگر اس رقم سے جس کا خمس ادا کردیا گیا ہو، باغ خرید لیا گیا ہو تو کیا اس باغ پر بھی خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ باغ پر خمس نہیں ہے لیکن اس کے پھلوں پر خمس ہے اور جب باغ کو فروخت کیا جائے تو خرید کی قیمت سے ، اگر زیادہ قیمت میں فروخت ہو جائے تو اضافی رقم پر خمس واجب ہے ۔

سوال ۳۱۱۔ ایک شخص کے پاس کچھ مقدار میں رقم ہے جو قرض تنخواہ اور اضافی اوقات میں ، کام کرنے کے نتیجہ میں حاصل ہو ئی ہے ، کیا اس رقم پر خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ جس قدر قرض لیا تھا اور اس قرض کی قسطیں جمع نہیں کی ہیں رقم کی اس مقدار میں خمس نہیں ہے، لیکن اس رقم پر جو تنخواہ یا اضافی وقت میں کام کرنے کے نتیجہ میں حاصل ہو ئی ہے یا وہ قرض جس کی قسطیں جمع ہوچکی ہیں خمس واجب ہے ۔

سوال ۳۱۲۔ کیا اس رقم پرجو طویل مدت کے لئے بینک میں جمع کرائی ہے اور بینک مختلف کا م میں اس رقم کو استعمال کرتا ہے ، خمس واجب ہے۔ ؟

جواب:۔ اگر اس کا خمس نہیں دیا گیا ہے تو خمس ادا کرے ۔

سوال ۳۱۳۔ میرے والد محترم نے مجھے ایک گھر دیا ہے اور کچھ رقم میں نے بھی اس گھر پر خرچ کی ہے کیا مذکورہ گھر پر خمس ہے ؟

جواب:۔ اگر وہ گھر جو آپ کو آپ کے والد نے عطا کیا ہے سکونت کے لئے ضروری تھا تو خمس نہیں ہے لیکن احتیاط یہ ہے کہ جو رقم آپ نے گھر کے کام میں لگائی ہے اس کا خمس ادا کریں نیز اپنے والد کے کام کو صحیح ہونے پر حمل کریں اور کہیں کہ ان شاء اللہ ان کا عمل صحیح تھا ۔

سوال ۳۱۴۔ زمین ، گھر کا سامان اور سونے کے زیورات ، بیچ کر جو رقم حاصل ہو ئی ہے کیا اس پر خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ اگر وہ زمین ، رہائشی گھر کے لئے ضروری تھی ، تو فروخت کرنے کے بعد ، اس پرخمس نہیں ہے اسی طرح اس رقم پر بھی خمس نہیں ہے ، جو گھر میں استعمال ہونے والا سامان ، اور سونے کے زیورا ت بیچ کر حاصل ہو ئی ہے ۔

سوال ۳۱۵۔ کیا پالتو جانور جیسے ، گائے ، بھیڑ بکریوں پرخمس واجب ہے ؟

جواب:۔ اگر ان کے دودھ ، اون ، اور اسی طرح دیگر چیزوں سے ، اپنے ذاتی استعمال کے لئے استفادہ کیاجاتا ہے تو خمس نہیں ہے اور اگر فقط کھیتی ( جیسے کھاد) اور کھیتی کے دیگر کام کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں ، تو اس صورت میں وہ سرمایہ اور آلات کے حکم میں ہیں اور یہی حکم اس صورت میں بھی ہے جب ان کو کرایہ کے کام میں استعمال کیا جائے۔

سوال ۳۱۶۔ سویم اور چہلم وغیرہ کی مجلسوں میں تاج کی صورت میں قیمتی پھول لے جائے جاتے ہیں کچھ دنوں کے بعد یہ پھول کوڑے دان میں ڈال دئے جاتے ہیں پہلا سوال تو یہ ہے کہ اس طرح کے قیمتی گلدستوں کا لے جانا کیا اصراف کا مصداق ہے ؟ اور دوسرے یہ کہ کیا اس پر خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ اگر اس کے لئے زیادہ قیمت ادا کی جاتی ہے تو بعید نہیں کہ اصراف کا مصداق ہو نیز خمس بھی واجب ہومگر اس صورت میں جب کسی مہم کا کے لئے مہیا کیاجائے ۔

سوال ۳۱۷۔ اگر جلانے میں استعمال یا دوسری غرض سے ایندھن کا ذخیرہ کیاجائے تو کیا اس پر بھی خمس ہے ؟

جواب:۔ جس قدر اس سال میں جلانے کے لئے استعمال یا دیگر کام کے لئے ذخیرہ کیاہے ، خمس نہیں ہے اور جس قدر آئندہ سال کے لئے ذخیرہ کیاگیا ہے۔اس پر خمس ہے ۔

سوال ۳۱۸۔ جو رقم کسی کے خون ( قتل ) کی دیت کے عنوان سے حاصل کی جائے کیا سال گذرنے پر اس پر خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ دیت کی رقم پر خمس واجب نہیں ہے ۔

سوال ۳۱۹۔ اگر کوئی شخص خمس کی تاریخ سے چار مہینے پہلے اس رقم کو جس سے کام ( استعمال ) کیا ہے کسی آدمی کو قرض کے طور پر دے دے اور وہ قرض لینے والا دوسال کے بعد مذکورہ رقم کو واپس کرے کیا اس رقم پر جو گذرے ہوئے دوسال کی بابت، خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ قرض کے وصول ہو نے کے بعد اس کا خمس ادا کرنا چاہیئے ۔

سوال ۳۲۰۔ کسی شخص نے ایک دوکان ایک لاکھ تومان پگڑی پر حاصل کی اس کا خمس بھی ادا کردیا تھا ، اب اس نے ڈیڑ کروڑ تومان میں وہ دکان فروخت کردی ہے، پیسے کی قیمت گرنے کو ملحوظ رکھتے ہوئے کیا مذکورہ رقم پر خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ ایک لاکھ کے علاوہ باقی رقم پر خمس واجب ہے ۔

سوال ۳۲۱۔ اہل بلتستان ، اپنے اخراجات کے لئے پھلدار یا غیر پھل دار درخت لگاتے ہیں غیر پھل دار درخت کی شاخوں کو کاٹنے ( چھانٹنے) کے زمانے میں ، اس کی شاخیں کاٹ دیتے ہیں اور اپنے اور اپنے اہل عیال کے لئے استعمال کرتے ہیں جب کہ ان کی جڑوں کو ایسے ہی چھوڑ دیتے ہیں پھر اسی طرح دو یا تین سال کے بعد جب شاخیں نکل آتی ہیں ، دوبارہ کاٹ کر استعمال کرتے ہیں کیا ان پرخمس واجب ہے؟ اور اگر خمس ہے تو اسے ادا کرنے کی کیفیت کیا ہوگی ؟

جواب:۔ جب بھی ذاتی استفادہ اور استعمال کی غرض سے درخت لگائے جائیں تو ان پر خمس نہیں ہے لیکن اگر تجارت وغیرہ کے لئے لگائے جائیں تو خمس ہے ۔

سوال ۳۲۲۔ اہل بلتستان اپنے اخراجات کے لئے جانور پالتے ہیں اور اگر گھر میں مویشی نہ ہو ں جب کہ کھیتی کے لئے کھاد ضروری ہے اور دودھ ان کا گھی اور گوشت کھانے کے لئے نیز ان کی اون، لباس اور قالین وغیرہ کے لئے استعمال کرتے ہیں اور اسی طرح عام طور پر گھر کے دیگر ضروری سامان جانوروں سے مہیاکرتے ہیں اس صورت میں کیا مویشوں پرخمس ہے اور اگر خمس ہے تو اس کا طریقہ بیان فرمائیں ؟

جواب:۔ گذشتہ مسئلہ کی طرح ہے ۔

سوال ۳۲۳۔ کام کو شروع کرتے وقت خواہ درخت ہوں یا مویشی اور جانور، تجارت کرنے کا ارادہ نہیں ہوتا بلکہ خرچ کا قصد ہوتاہے اور کبھی نہ خرچ کا ارادہ ہوتا ہے اور نہ تجارت کا قصد ہوتا ہے بلکہ ایسے ہی پال لیتا ہے لیکن پھل آنے یامویشوں کے پل جانے کے بعد تجارت اور گھریلو خرچ ، دونوں کے لئے استعمال کرتا ہے اس صورت میں خمس کا کیا حکم ہے بیان فرمائیں ؟

جواب:۔ شخصی استعمال اور گھر کے خرچ کے لئے جو مقدار ضروری ہے اس پر خمس نہیں ہے اور ا س کے علاوہ باقی مقدار پرخمس ہے ۔

سوال ۳۲۴۔ طالب علم حضرات حوزہ علمیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران ، تاریخی اور دیگر ضروری کتابیں خرید لیتے ہیں اس لئے کہ اگر نہ خریدیں تو بعد میں دستیاب نہیں ہو سکتی یا مثال کے طور پر پھر مہنگی ہو جائیں گی بہرحال بعد میں مشکلات آسکتی ہیں ، میںلہٰذا حتی الامکان سستے دام یعنی کم قیمت پرخرید نے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ابھی تمام کتابوں کا مطالعہ نہیں کر سکتے اور کم از وہ کتابیں ایک یا دو سال بغیر مطالعہ کے رکھی رہتی ہیں کیا اس صورت میں ان پر خمس ہے ؟ نیز اگر خمس ہے تو خرید کی قیمت کا حساب ہو گا یا اس وقت کی قیمت کاحساب کیا جائے؟

جواب:۔ جو کتابیں ضروری نہیں تھیں ان پر خمس ہے اور قیمت کا معیار اس وقت کی قیمت ہے ، جب خمس ادا کیاجائے ۔

سوال ۳۲۵۔ بعض ٹھنڈے علاقوں میں تیل گیس وغیرہ نہ ہونے کی وجہ سے ایندھن سے استفادہ کیا جاتاہے اسی وجہ سے درخت لگاتے ہیں تاکہ ان کی شاخوں کو جلانے کے لئے استعمال کیا جائے ، وہاں پر آباد مومنین ایک سال سے زائد ایندھن کا خمس نکالتے ہیں کیا ان کا یہ عمل صحیح ہے ؟

جواب : کوئی حرج نہیں بلکہ لازم ہے ۔

سوال ۳۲۶۔ ایک طالب علم کو اپنے باپ کی جانب سے ورثہ میں ایک گھر ملا ہے اس گھر پر خمس واجب ہے لیکن یہ طالب علم اس گھر کا خمس نکالنے پر قادر نہیں


ہے ، اور مزید مقروض بھی ہے اس صورت میں یہ طالب علم کیا کرے جو مذکورہ گھر میں رہنا اس کے لئے جائز ہو جائے ؟

جواب:۔ حاکم شرع کی جانب رجوع کرے ، چنانچہ اگر خود بھی خمس لینے کے لئے مستحق ہے تو خمس نکال کر خود اسی کو واپس دیا جا سکتا ہے ۔

سوال ۳۲۷۔ تقریباً ۳۰/ سال پہلے تعلیمی شعبہ سے وابستہ حضرات کے مکانات بنوانے کے لئے ایک زمین دی گئی تھی لیکن چونکہ اس زمین کا جائے وقوع ایسا تھا کہ مدت تک وہاں پر مکانات نہیں بنوائے جاسکتے تھے چند سال کے بعد بحالت مجبوری مذکورہ زمین کو فرخت کرنے کے اقدامات کئے ہیں اب اصورت میں اگر یہ زمین فروخت کی جائے یا اس کے عوض میں ، کوئی عمارت لے لی جائے کیا اس کو بیچنے سے جو رقم حاصل ہوئی ہے اس پر خمس واجب ہے ؟

جواب: ۔ احتیاط واجب یہ ہے کہ اس کا خمس ادا کیا جائے ۔

سوال ۳۲۸۔ اگر کسی شخص کے خمس نکالنے کی تاریخ بارہویں مہینے کی آخری تاریخ مثال کے طور پر ستمر کا آخری دن ہواور وہ شخص مذکورہ مہینے کے درمیان میں اس دنیا سے گذر جائے کیا اس صورت میں اس کی باقی مادندہ میراث اور گذشتہ ساڑے گیارہ مہینوں سے متعلق ، مال پرخمس واجب ہے ، اسی طرح مرحومہ نے اپنے پرانے قالین کو ۲۵۰۰۰تومان کی قیمت کے ایک قالیچہ میں بدل لیا تھا جو ابھی استعمال نہیں کیا گیا ہے کیا اس قالین کی قیمت پر بھی خمس واجب ہے؟

جواب:۔ اس سال کی آمدنی پر خمس واجب ہے ، لیکن اس قالین پر اگر ضرورت میں داخل تھا تو خمس واجب نہیں ہے ۔

سوال ۳۲۹۔ اگر مرنے والے شخص کے یہاں ۱۷۱ بھیڑ بکریاں ہوں آیا ان پر خمس واجب ہو گا یا زکات جبکہ ، وہ بھیڑ بکریاں ، مر حوم کاسرمایہ ہیں۔

جواب:۔ اگر ان میں زکات کے شرائط موجود تھے تو پہلے ان کی زکات ادا کرے اور پھر سال کے آخر میں ، اگر سالانہ اخراجات کے بعد کچھ باقی رہ جائے تو اس بچت کا خمس بھی ادا کرے ۔

سوال ۳۳۰۔ ہمارے علاقہ میں بعض گھرانوں کے پاس ۱۰۰/ سے لیکر ۲۰۰/ بھیڑبکریاں تک ہوتی ہیں یہی ان کے اسرار معاش کا ذریعہ ہیں استدعا کرتا ہوں کہ مذکورہ بھیڑ بکریوں سے متعلق خمس کی کیا صورت ہوگی بیان فرمادیجئے؟

جواب:۔ سرمایہ پر خمس ہے اور جو آ پ نے تحریر کیا ہے وہ سر مایہ کی شکل ہے لیکن اگر اس سے کم مقدار میں سر مایہ پر ان کی زندگی بسر نہیں ہوسکتی ، تو اس صورت میں خمس سے معاف ہیں ۔

سوال ۳۳۱۔ اگر کسی دکاندار کا گزشتہ سال کا سرمایہ ایک ٹن ، آلمینیم تھا جس کی قیمت ساڑے تین لاکھ تومان تھی اور اس کا خمس نکال کر ادا بھی کردیا تھا لیکن اب اس وقت ، اس کی قیمت دس لاکھ تومان ہو گئی ہے ، حالانکہ اس کی مقدار وہی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جب کہ گذشتہ سال کی نبسبت اس سال اسی سر مایہ کی قیمت میں ساڑے چھ لاکھ تومان کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ ملحوظ رہے کہ منافعہ اور آمدنی کی بات نہیں ہے ، نیز اگر یہی کام ( یعنی قیمت میں اضافہ اور اضافہ پر خمس اداکرنا) دو یا تین سال ہوتا رہے تو دکاندار کے پاس کو ئی سر مایہ باقی ہی نہیں رہے گا۔ جس سے و ہ اپنی دکان چلاسکے۔


الف) اس سلسلہ میں آپ کا نظریہ کیا ہے ؟


ب) اگر کوئی شخص اپنے سرمایہ ( قیمت کانہیں ) کا ، پانچواں حصہ خمس کے طور پر ادا کرے ، کیا اس صور ت میں ، آئندہ سال کے لئے اسی مقدار( خمس اداکرنے کے بعد سرمایہ کی باقی مقدار) کو معیار قرار دے سکتا ہے ؟

جواب :۔ ( الف)بازار کی قیمتوں کا بڑھنا خمس کا باعث ہے لیکن اگر اس حد تک پہونچ جائے کہ ا س کا سرمایہ خمس دینے کے بعد اس کی زندگی بسر کرنے کے لئے کافی نہ ہوتو اس صورت میں خمس اداکرنے سے معاف ہے ۔

جواب:۔ (ب)معیار قیمت ہے ، مقدار نہیں ۔

سوال ۳۳۲۔ ملازم کے لئے سال کی خمس کی بنیاد ، پہلی تنخواہ ہے یا کوئی دوسرا وقت شمسی، سال مقصود ہے یاقمری سال ؟

جواب:۔ اس کی ابتداء پہلی آمدنی کا وقت ہے اور قمری سال ہوںیا شمسی دونوں جائز ہیں ۔

سوال ۳۳۳۔ کیا اس رقم کو جو لوگ ٹیکس کی صورت میں حکومت کو اداکرتے ہیں خمس میں حساب کرسکتے ہیں ؟

 جواب:۔ ٹیکس، دیگر اخراجات کی طرح ایک خرچہ ہے لہٰذا اس کا شماراس شخص کے خرچ کا حصہ ہونے کی وجہ سے سالانہ خرچ میں ہوگا اور خمس میں اس کا حساب نہیں ہو سکتا ہے ۔

سوال ۳۳۴۔میںنے کسی زمانہ میں رہنے کے لئے ایک گھر بہت کم قیمت پر خریدلیا تھا اس وقت اس کی قیمت زیادہ ہوگئی ہے کیا اضافی قیمت پر خمس واجب ہے ؟

جواب :۔ جس گھر میں زندگی بسر کرہا ہے اس کی قیمت جس قدر بھی زیادہ ہو اس پر خمس نہیں ہے ۔

سوال۳۳۵۔ بنیاد شہید ادارہ کی جانب سے شہیدوں کے متعلقین اور گھر والوں کو وثیقہ ملتا ہے جبکہ بعض گھرانوں کے روز مرہ کے اخراجات دوسری جگہ سے ادا ہوتے ہیں سوال یہ ہے کہ وہ وثیقہ ( رقم ) جو بنیاد شہید ادارہ سے حاصل کرتے ہیں کیا اس رقم پر خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ احتیاط لازم کی بناپر ، سال کے آنے پر اضافی رقم کا خمس ادا کریں ۔

سوال ۳۳۶۔ ہمارے شہر میں اکثر خواتین قالین بافی کا کام جانتی ہیں اور امور خانہ داری کے ساتھ قالین بھی بنتی ہیں لیکن عام طور پر معمول ہے کہ قالین کے لئے ضروری سامان خرید نا پھر قالین تیار ہونے کے بعد ، اس کو فروخت کرنا اور اس سے حاصل شدہ پیسہ میں تصرف کی ذمہ داری ، ان کے شوہروں پر ہوتی ہے اور چونکہ ان قالینوں کو کامل کرنے میں چند سال لگ جاتے ہیں مذکور ہ اشخاص سال کے شروع میں ، خمس کا حساب کیسے کریں ؟


اور اگر چند سال کے بعد وہ قالین فروخت ہو جائےں اور ا س کے دوسرے سال ان کی قیمت وصول ہو تو کیا اس صورت میں ، اس سال کی آمدنی میں اس کا حساب ہو گا جس سال میں قیمت وصول کی ہے یا یہ کہ جیسے ہی قیمت وصول کی ویسے ہی اس کا خمس ادا کرے ؟

جواب:۔قالین جس وقت بھی فروخت کرنے کے لئے تیار ہو جائے اس کا حساب اسی سال کی آمدنی میں کیا جائے گا لہٰذا اگر خمس کا سال گزرنے کے بعد کچھ بچ جائے تو اس باقی اور اضافی چیز کا خمس اداکیا جائے گا۔

سوال ۳۳۷۔ بندہٴ ناچیز ذاتی گھر نہ ہونے کی وجہ سے ( رنج و مقشت میں گرفتار ہے اور بینک ( یا کسی شخص ) سے قرض لئے بغیر ، گھر خرید نے کی ، قدرت نہیں ہے لہٰذا بینک (یا کسی شخص)سے قرض، لیکر میں نے ایک گھر خریدا ہے اس صورت حال میں پہلے تو یہ کہ میرا خمسی سال آنے پر میرے پاس ضروریات کے بعد جو باقی کچھ بچے گا کیا اس پر خمس واجب ہے ؟ اور دوسرے یہ کہ بینک یا شخصی ، قسطیں ، جمع کرتے وقت کیا آپ ان قسطوں کی رقم پرخمس کو واجب جانتے ہیں ؟

جواب:۔ قسطوں پر خمس واجب نہیں ہے ، ہاں اگر تمہارے پاس قسطوں کے علاوہ مزید کچھ باقی ہو تو اس پر خمس واجب ہے ۔

سوال ۳۳۸۔ جن لوگوں نے ابھی تک کبھی بھی خمس نہیں دیاہے اس صورت میںکیا فقط ان کی نقد رقم پر خمس کا حساب ہو گا یا زندگی کی دیگر ضروریات پر بھی خمس کا حساب ہو گا یا مصالحت کرے ؟

جواب:۔ اپنے سب مال کا حساب کرے اور زندگی کے ضروری ساز و سامان کے لئے حاکم شرع سے مصالحت کرے ۔

سوال ۳۳۹۔ اگر میراث میں ملے ہوئے اس مال کو جس پر خمس واجب نہیں ہے ، بیچ کر نقد رقم حاصل کرے تو کیا اس مال پر نقد رقم میں تبدیل ہونے کے بعد اس پر خمس واجب ہے ؟

جواب:۔ اس میں خمس نہیں ہے ۔

سوال ۳۴۰۔ جیسا کہ بعض مجتہدین کرام اور عظیم مراجع ( رضوان اللہ علیھم )از جملہ امام خمینیۺ فرماتے ہیں کہ ہدیہ میں خمس نہیں ہے کیا ( یہ حکم ) بڑی بڑی بخشش اور ہدیوں جیسے ، زمین ، گھر، دکان، کار، وغیرہ کو بھی شامل ہے یا ان کا حساب جدا ہے ؟

جواب:۔ چھوٹے یا برے ہدیہ میں کوئی فرق نہیں ہے لیکن ہمارے فتوے کے مطابق ان سب چیزوں میں احتیاط واجب کی بناپر خمس واجب ہے ۔

سوال ۳۴۱۔ کیاخمس کے لئے سال کی تاریخ کو معین کرنا ، مردوں سے مخصوص ہے چونکہ مردکمانے والے اور گھر کے ذمہ دار ہوتے ہیں یا ان خواتین کو بھی شامل ہے جو مردوں کی سرپرستی میں زندگی گزارتی ہیں اور انہیں حقیر سی رقم حاصل ہوتی ہے ، اگرجو کچھ انہیں ملتاہے اس پر بھی خمس ہے تو کیا ان کے خمس نکالنے کی کیفیت مردوں کے خمس نکالنے کی کیفیت سے مختلف ہے یا نہیں ؟ ( واضح رہے چونکہ بعض حضرات فرماتے ہیں کہ شوہر دار خاتون کو جیسے ہی کچھ ملے ویسے ہی اس کا خمس ادا کرے )

جواب:۔ اخراجات( یعنی سالانہ خرچ) کے علاوہ جس شخص کو بھی ، مزید آمدنی ہوتی ہے ، اس کو خمس نکال نے کے لئے سال کی تاریخ معین کرنا چاہئیے ، اور سال گزرنے کے بعد اپنے مال کا خمس نکالنا چاہئیے۔

سوال ۳۴۲۔ ایک شخص نے اپنی اس آمدنی سے جو کچھ نقد رقم ، کچھ ادھار اور کچھ میراث ، اور شاید بعض حرام مال، سے مخلوط تھی ، آہستہ آہستہ اور تھوڑا تھوڑا کرکے ایک مکان اور گھر میں استعمال کے دیگر سامان ، خرید ے جبکہ بالغ ہونے سے اب تک اس نے کبھی بھی خمس نہیں نکالا اور اب خمس ادا کرنا چاہتاہے کیا اس صورت میں گھر اور گھر کے سامان کا خمس اداکرے گا یا گھر اور اس کا سامان، سال کے خرچ میں شمار اور خمس سے مستثنیٰ ( جدا) ہو گا۔


بر فرض اگر گھر اور سامان پر بھی خمس ہو تو اس صورت میں وہ شخص تقریباً دس لاکھ تومان کا مقروض ہو جائے گاجس کو ادا کرنے سے و ہ اس وقت بھی اور آہستہ آہستہ اداکرنے سے بھی عاجز ہے چونکہ اس کی آمدنی بہت کم ہے اس صورت حال میں کیا وہ شخص خمس کی رقم ، حاکم شرع یا ان کے نمائندہ کو اداکرکے باقی کے لئے ( یعنی


 جس کو ادا کرنے پر قادر نہیں ہے ) مصالحت کر سکتا ہے ؟

جواب:۔ اس صورت میں جبکہ مطمن ہوکہ زمانہ حال ، یا مستقبل میں ادا کرنے کی قدرت نہیں رکھتا مصالحت کرسکتا ہے ۔

سوال۳۴۳۔ بندہ ناچیز عمدہ ( تَھو ک کی ) شکل میں ، سبزیجات کی خرید و فروخت کا کاروبار اور ایک گاڑی سے باربر داری کے کام میں ، اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ شریک ہوں ان میں سے ایک ، خود میرا بھائی ہے جو خمس اداکرنے میں کوتاہی کرتا ہے وہ خمس ادا کرنے کا اراد ہ رکھتا ہے اور ایک بار ادا بھی کیاہے ، لیکن اب چند سال سے اس نے خمس نہیں نکالاہماری موقعیت ایسی ہے کہ بھائی ہونے اور منڈی میں کام کی نوعیت کی وجہ سے ، اس کو الگ کرنا بھی ہماری مصلحت میں نہیں ہے اس صورت میں ہمارا وظیفہ کیا ہے ؟

جواب:۔ ہم آپ کو اجازت دیتے ہیں کہ آپ اپنا خمس ادا کریں اور اپنے حصہ میں تصرف کریں اور اپنے بھائی کو بھی امر بالمعروف کرنے کوشش کریں ۔

سوال ۳۴۴۔ میں نے باپ کی جانب سے ملی ہوئی اپنی میراثی جائداد کو بیچ کر اپنے بچوں کی تعلیم کی غرض سے ، شہر میں مکان خریدلیا ہے آیا اس پدری میراث کی ملکیت اور جائداد کو فروخت کرنے سے ، جو رقم حاصل ہو ئی ہے ، اس پر خمس واجب ہے اور واجب ہونے کی صورت میں کیا اس کو قسطوں میں ادا کرسکتاہوں ؟

جواب:۔ باپ کے انتقال کے بعد اگر اس ملکیت میں ترقی نہیں ہوئی ہے تو خمس نہیں ہے اور اگر ترقی ہوئی ہے تو احتیاط واجب یہ ہے کہ جس قدر اضافہ ہواہے اس کا خمس ادا کریں اور قسطوں کی صورت میں بھی کوئی ممانعت نہیں ہے ۔

چاند دیکھنے کے احکام خمس کا مصرف
12
13
14
15
16
17
18
19
20
Lotus
Mitra
Nazanin
Titr
Tahoma