اہلِ کتاب کے بارے میں ہماری ذمہ داری

SiteTitle

صفحه کاربران ویژه - خروج
ورود کاربران ورود کاربران

LoginToSite

SecurityWord:

Username:

Password:

LoginComment LoginComment2 LoginComment3 .
SortBy
 
تفسیر نمونہ جلد 07
مشرکین کو مسجد میں داخلے کا حق نہیںاہل کتاب کی بت پرستی

گذشتہ آیات میں بت پرستوں سے متعلق مسلمانوں کی ذمہ داری یبان کی گئی ہے، زیر بحث آیت اور آئندہ آیات میں اہلِ کتاب کے بارے میں مسلمانوں کی ذمہ داری کو واضح کیا گیا ہے، ان آیات میں در حقیقت اسلام کے ایسے احکام ہیں جو مسلمانوں اور مشرکین کے بارے میں اسلامی احکام کا حد وسط ہیں کیونکہ اہلِ کتاب ایک آسمانی دین کی پیروی کی وجہ سے مسلمانوں سے مشابہت رکھتے ہیں لیکن ایک پہلو سے مشرکین کے ساتھ مشابہت رکھتے ہیں اسی بناپر اسلام انھیں قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا حالانکہ جو بت پرست کے مقابلے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے تھے ان کے لئے یہ اجازت دیتا تھا کیونکہ پروگرام یہ ہے کہ روئے زمین سے بت پرستی کی بیخ کنی کی جائے، لیکن اہلِ کتاب کو اس صورت میں مسلمانوں کے قریب آنے کی اجازت دیتا ہے کہ وہ اس بات کے لئے تیار ہوں کہ وہ پُرامن مذہبی اقلیت کے طور پر مسلمانوں کے ساتھ مصالحت آمیز زندگی بسر کریں، اسلام کا احترام کریں، مسلمانوں کے خلاف تحریکیں نہ چلائیں اور مخالفِ اسلام پراپیگنڈا نہ کریں، پُرامن بقائے باہمی کا اصول تسلیم کرنے کی ایک نشانی یہ ہے کہ وہ حکومت اسلامی کو جزیہ کی ادائیگی کریں جو ان سے ہر شخص پر ایک طرح کا ٹیکس ہے اور یہ سالانہ ایک مختصر سی رقم بنتی ہے، اس کی حدود وشرائط انشاء الله آئندہ مباحث میں بیان کی جائیں گی، ورنہ دوسری صورت میں اسلام ان سے جنگ کی اجازت دیتا ہے ۔
اس شدت عمل کی دلیل زیرِ بحث آیت کے تین جملوں میں واضح کی گئی ہے ۔
پہلے فرمایا گیا ہے: جو لوگ خدا اروزِ جزا پر ایمان نہیں رکھتے ان سے جنگ کرو (قَاتِلُوا الَّذِینَ لَایُؤْمِنُونَ بِاللهِ وَلَابِالْیَوْمِ الْآخِرِ) ۔
مگر یہ سوال ہے کہ یہود ونصاریٰ جیسے اہل کتاب کسی طرح خدا اور روزِ جزا پر ایمان نہیں رکھتے حالانکہ ظاہراً ہم دیکھتے ہیں وہ خدا کو بھی مانتے ہیں اور قیامت کو بھی، اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کا ایمان خرافات اور بے بنیاد عقائد سے مملو ہے ۔
ان کے مبداء اور حقیقتِ توحید کے بارے میں ایمان کے سلسلے میں پہلی بات تو یہ ہے کہ یہودیوں کا ایک گروہ، جیسا کہ بعد کی آیات میں آئے گا حضرت عزیر(ع) کو خدا کا بیٹا جانتے تھے اور عیسائی عموماً حضرت مسیح(ع) کو الوہیت اور تثلیث پر ایمان رکھتے ہیں ۔
دوسری بات یہ ہے کہ جیسا کہ آئندہ آیات میں اشارہ کیا گیا ہے وہ ”شرک فی العبادة“ میں گرفتار تھے اور علی طور پر اپنے مذہبی علماء اور پیشواوٴں کی پرستش کرتے تھے، گناہوں کی بخشش جو خدا کے ساتھ مخصوص ہے وہ ان سے چاہتے تھے اور خدائی احکام میں تحریف کرنے کے بعد تحریف شدہ احکام کو باقاعدہ مانتے تھے ۔
باقی رہا معا وقیامت کے بارے میں ان کا ایمان تو وہ تحریف شدہ ایمان تھاکیونکہ معاد کو وہ معادِ روحانی میں منحصر سمجھتے تھے جیسا کہ ان کی باتوں سے معلوم ہوتا ہے، لہٰذا مبداء اور معاد دونوں پر ایمان ان کا ایمان مخدوش ہے ۔
اس کے بعد ان کی دوسری صفت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ وہ محرماتِ خداوندی کو تسلیم نہیں کرتے تھے اور جسے خدا اور اس کا پیغمبر حرام کرچکے تھے اُسے حرام شمار نہیں کرتے تھے(وَلَایُحَرِّمُونَ مَا حَرَّمَ اللهُ وَرَسُولُہُ) ۔
ہوسکتا ہے کہ ”رسولہ“ (اس کا رسول) سے مراد حضرت موسیٰ(ع) یا حضرت عیسیٰ(ع) کے دین میں حرام دیئے گئے ہیں ان کا ارتکاب کرتے ہیں، نہ صرف یہ کہ ان کا ارتکاب کرتے بلکہ بعض اوقات انھیں حلال قرار دیتے ہیں، یہ بھی ممکن ہے کہ ”رسولہ“ سے مراد پیغمبر اسلام ہوں یعنی یہ جو ان کے خلاف جہاد کا حکم دیا گیا ہے اس کی وجہ یہ ہے جو کچھ خدا نے پیغمبر اسلام کے ذریعے حرام کیا ہے اس کے سامنے سرتسلیم خم نہیں کرتے اور ہر قسم کے گناہوں کے مرتکب ہوتے ہیں ۔
یہ احتمال زیادہ قرینِ نظر ہے اور اس کی شاہد اسی سورت کی آیت ۳۳ ہے جس کی عنقریب تفسیر بیان کی جائے گی، جس میں فرمایا گیا ہے:
<ھُوَ الَّذِی اٴَرْسَلَ رَسُولَہُ بِالْھُدیٰ وَدِینِ الْحَقِّ
وہ خدا وہ جس نے اپنے رسول کو دینِ حق کی ہدایت کے لئے بھیجا ۔
علاوہ ازین قرآن مجید میں جہاں لفظ ”رسولہ“ بطور مطلق بولا جائے وہاں اس سے مراد پیغمبر اسلام ہوتے ہیں، اس سے قطع نظر اگر مراد انہی کا پیغمبر ہوتا تو پھر مفرد کی صورت میں نہ کہتا بلکہ تثنیہ یا جمع کی صورت میں کہتا کیونکہ ان کا اپنا رسول تھا یا رسل تھے جیسا کہ سورہٴ یونس کی آیہ۱۳ میں آیا ہے:
<وَجَائَتْھُمْ رُسُلُھُمْ بِالْبَیِّنَاتِ
یعنی: ان کے رسول اُن کے لئے واضح دلائل لائے تھے ۔
ایسی تعبیر قرآن کی دیگر آیات میں بھی دکھائی دیتی ہے ۔
ممکن ہے کہا جائے کہ اس صورت میں یہ آیت توضیحِ واضیحات میں سے ہوگی کیونکہ واضح ہے کہ غیرمسلم دینِ اسلام کے تمام محرمات کو قبول نہیں کرتے لیکن توجہ کرنا چاہیے کہ ان صفات کو بیان کرنے کا مقصد ان کے خلاف جہاد کے جائز ہونے کی علت بیان کرنا ہے، یعنی ان سے جہاد اس لئے جائز ہے کہ وہ محرماتِ اسلامی کو قبول نہیں کرتے اور بہت سے گناہوں میں آلودہ ہیں لہٰذا اگر وہ جنگ اور مقابلے کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور ایک پُرامن اقلیت بن کر نہ رہیں تو پھر ان سے جنگ کی جاسکتی ہے ۔
آخر میں ان کی تیسری صفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے : وہ پورے طور پر دینِ حق قبول نہیں کرتے (وَلَایَدِینُونَ دِینَ الْحَقِّ) ۔ اس جملے کے بارے میں گذشتہ دونوں احتمالات ہیںلیکن ظاہر یہ ہے کہ ”دین حق“ سے مراد ”دین اسلام“ ہی ہے کہ جس کی طرف چند آیات کے بعد اشارہ کیا گیا ہے ۔
محرمات اسلامی پر اعتقاد نہ رکھنے کی بات کرکے اس بات کا پیمان خاص کے بعد عام بات بیان کرنے کی طرح ہے یعنی پہلے بہت سے محرمات میں ان کے آلودہ ہونے کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کیونکہ یہ آلودگی خصویت سے چھپنے والی ہے ۔
اس کے بعد قرآن کہتا ہے کہ در اصل یہ لوگ دین حق کے سامنے سرنگوں ہی نہیں ہیں یعنی ان کے ادیان راہِ حقیقی سے منحرف ہوچکے ہیں، وہ بہت سے حقائق فراموش کرچکے ہیں اور ان کی بجائے اپنے دین میں بہت سے خرافات شامل کرچکے ہیں، لہٰذا یا تو وہ ارتقائی اور کامل تر انقلابِ اسلام کو قبول کرلیں اور اپنی مذہبی فکر کی نئی دنیا بنالیں اور یا کم از کم پُرامن اقلیت کے طور پر مسلمانوں کے ساتھ رہیں اور صلح آمیز شرائط زندگی قبول کرلیں ۔
یہ تین اوصاف جو در حقیقت ان سے جہاد کے جواز بیان کرنے کے لئے ہیں، ان کے بعد فرمایا گیا ہے: یہ حکم ان کے بارے میں ہے جو اہلِ کتاب ہیں (مِنَ الَّذِینَ اٴُوتُوا الْکِتَابَ) ۔
اصطلاح کے مطابق لفظ ”من“ یہاں بیانیہ ہے نہ کہ تبعیضیہ، دوسرے لفظوں میں قرآن کہتا ہے کہ (افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ) تمام گذشتہ آسمانی کتب کے پیروکار ان مذہبی انحرافات میں گرفتار ہیں اور یہ حکم ان سب کے بارے میں ہے ۔
اس کے بعد ان کے اور بت پرستوں کے درمیان فرق ایک ہی جملے میں بیان کردیا گیا ہے، ارشاد ہوتا ہے: جب تک جزیہ ادا نہ کرنے لگ جائیں یہ جنگ جاری رہے گی (حَتَّی یُعْطُوا الْجِزْیَةَ عَنْ یَدٍ وَھُمْ صَاغِرُونَ) ۔
”جزیة“ ”جزاء “کے ماد ہ سے ہے اس سے مراد وہ مال ہے جو اُن غیرمسلموں سے لیا جائے جو حکومت اسلامی کی پناہ میں رہیں، اس کا یہ نام اس لئے رکھا گیا ہے کہ وہ یہ مال اپنی جان ومال کی حفاظت کے بدلے جزاء کے طور پر حکومت اسلامی کو دیتے ہیں، اس لفظ کا یہ مفہوم راغب نے مفردات میں بیان کیا ہے ۔
”صاغر“ ”صغر“ (بروزن ”پسر“) کے مادہ سے ہے اور یہ ایسے شخص کو کہتے ہیں جو اپنے چھوٹے ہونے پر راضی ہو اور مندرجہ بالا آیت میں اس سے مراد یہ ہے کہ جزیہ ادا کرنا دین اسلام اور قرآن کے سامنے اظہارِ خضوع کے طور پر ہو۔ دوسرے لفظوں میں یہ پُرامن بقائے باہمی کی علامت اور حاکم اکثریت کے سامنے ایک صلح مند محترم اقلیت کی حیثیت کی نشانی کے طور پر ہے ۔
یہ جو بعض مفسرین نے اس کی تفسیر اہلِ کتاب کی تحقیر وتوہین کے طور پر کی ہے وہ نہ تو لفظ کے لغوی مفہوم سے ظاہر ہوتی ہے اور نہ ہی تعلیماتِ اسلامی کی روح سے یہ بات مطابقت رکھتی ہے اور نہ ہی مذہبی اقلیتوں سے سلوک کے بارے میں دیگر احکام جو ہم تک پہنچے ہیں ان سے مناسبت رکھتی ہے ۔
ایک اور قابلِ توجہ نکتہ یہ ہے کہ مندرجہ بالا آیت میں اگرچہ شرائط کی طرف ایک اجمالی اشارہ ہے کیونکہ اس سے ایسی شرائط معلوم ہوتی ہیں مثلاً وہ اسلامی معاشرے میں خلافِ اسلام تعلیمات اور پراپیگنڈا نہیں کریں گے، مسلمان کے دشمنوں کا ساتھ نہیں دیں گے اور مسلمانوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کریں گے کیونکہ ایسے کام خضوع، تسلیم اور ہمکاری ک مفہوم سے مطابقت نہیں رکھتے ۔
جزیہ کیا چیز ہے؟
جزیہ یہ ایک طرح کا اسلامی ٹیکس ہے جو افراد سے متعلق ہوتا ہے نہ کہ اموال اور زمینوں سے دوسرے لفظوں میں جزیہ فی کس سالانہ ٹیکس ہے ۔
بعض لوگوں کا نظریہ ہے کہ اس لفظ کی اصل غیر عربی ہے اور قدیم فارسی لفظ ”کزیت“ سے لیا گیا ہے جس کا معنی ہے ایسا ٹیکس جو فوج کی تقویت کے لئے لیا جائے لیکن بہت سے علماء کا نظریہ ہے کہ یہ خالص عربی لفظ ہے اور جیسا کہ ہم پہلے نقل کرچکے ہیں کہ ”جزاء“ کے مادہ سے اس مناسب سے لیا گیا ہے کہ مذکورہ مالیہ اس تحفظ اور امنیت کا جزاء اور بدل ہے جو اسلامی حکومت مذہبی اقلیتوں کو فراہم کرتی ہے ۔
جزیہ اسلام سے پہلے بھی تھا، بعض کا نظریہ ہے کہ سب سے ساسانی شاہ نوشیرواں نے جزیہ وصول کیا لیکن اگر اس بات کو درست نہ بھی سمجھا جائے تب بھی کم از کم یہ بات مسلم ہے کہ نوشیرواں وہ شخص تھا جس نے اپنی قوم سے جزیہ لیا تھا اور وہ ہر اس شخص سے جو حکومت کا کارندہ نہیں تھا اور اُس کی عمر بیس سے پچاس سال تک تھی ۱۳۲،۸،۶یا۴ درہم کے فرق سے فی نفر ٹیکس وصول کیا کرتا تھا ۔
ان مالیات کا فلسفہ یہ لکھا گیا ہے کہ کسی ملک کے وجود، آزادی اور امن کی خفاظت اس ملک کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے لہٰذا جب ایک گروہ اس فریضے کی انجام دہی کے لئے قیام کرے اور دوسرا گروہ کسب وکار میں مشغول ہونے کی وجہ سے مجاہدین کی صف میں شامل نہیں ہوسکتا تو پھر کسب وکار میں مشغول گروہ کا فریضہ ہے کہ وہ فوج اور محافظانِ امن وامان کے اخراجات فی کس سالانہ ٹیکس کی صورت میں ادا کرے، ہمارے پاس ایسے قرائن موجود ہیں جو قبل از اسلام اور بعد از ظہورِ اسلام کے ادوار میں جزیہ کے بارے میں اس فلسفہ کی تاکید کرتے ہیں ۔
نوشیرواں کے زمانہ میں جزیہ دینے والوں میں (بیس سے پچاس سال تک کا) سن وسال کا مذکورہ معیار ہماری اس بات کا شاہد ہے کہ کیونکہ اس عمر کے افراد درحقیقت عمر کے اس گروپ سے مربوط تھے جو ہتھیار اٹھانے اور امن وامان اور ملک کے استقلال کی حفاظت میں شریک ہونے کی طاقت رکھتا تھا لیکن کاروبار میںمشغول ہونے کی وجہ سے وہ لوگ اس کے بجائے جزیہ دیتے تھے ۔
دوسرا گروہ یہ ہے کہ اسلام میں جزیہ مسلمانوں پر نہیں ہے کیونکہ سب پر جہاد واجب ہے اور ضرورت کے وقت سب کو میدانِ جنگ میں دشمن کے مقابلے میں جانا پڑے گا لیکن مذہبی اقلیتوں کے لئے چونکہ جہاد میں شرکت کرنا معاف ہے لہٰذا اس کے بجائے انھیں جزیہ دینا چاہیے تاکہ اس طرح وہ اسلامی ملک کی سالمیت کی حفاظت میں شریک ہوں جس میں وہ آرام سے زندگی بسر کرتے ہیں نیز مذہبی اقلیتوں کے بچوں، عورتوں بوڑھوں اور نابیناوٴں کو جزیہ معاف ہے، یہ بھی اسی امر کی ایک اور دلیل ہے ۔
سطورِ بالا میں جو کچھ کہا گیا ہے اس سے واضح ہوتا ہے جزیہ صرف ایک قسم کی مالی امداد ہے جو اہلِ کتاب اس ذمہ داری کے بدلے میں دیتے ہیں جو مسلمان ان کی جان ومال کی حفاظت کے طور پر ادا کرتے ہیں، لہٰذا جو لوگ جزیہ کو ایک قسم کا ”حق تسخیر“ شمار کرتے ہیں وہ اس کی روح اور فلسفے کی طرف توجہ نہیں رکھتے، ان لوگوں نے اس حقیقت کی طرف توجہ نہیں کی کہ اہلِ کتاب جب اہل ذمہ کی شکل میں ہوں تو حکومتِ اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ انھیں ہر قسم کے تعرض اور آزار سے محفوظ رکھے، نیز اس طرف توجہ کرتے ہوئے کہ وہ جزیہ ادا کرنے کے بدلے میں آرام اور چین کی زندگی گزارتے ہیں اس کے علاوہ ان پر میدان جنگ میں شرکت اور دفاعی وحفاظتی ذمہ داریاں نہیں ہوتیں اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ حکومت اسلامی کے بارے میں مسلمانوں کی نسبت ان کی ذمہ داری کس قدر کم ہے، یعنی وہ سال بھر میں معمولی سی رقم ادا کرکے اسلامی حکومت کی تمام خوبیوں سے استفادہ کرتے ہیں اور مسلمانوں کے ساتھ اس سلسلے میں برابر کے شریک ہوتے ہیں جبکہ حوادث وخطرات کا سامنا انھیں نہیں کرنا پڑ تا ۔
اس فلسفے میں تائید کرنے والے واضح دلائل میں سے ایک یہ ہے کہ ان عہدناموں میں جو اسلامی حکومت کے دوران مسلمانوں اور اہلِ کتاب کے مابین ہوتے تھے اس امر کی تصریح موجود ہے کہ اہلِ کتاب کی ذمہ داری ہوگی وہ جزیہ ادا کریں اور اس کے بدلے میں مسلمانوں کا فرض ہوگا کہ وہ ان کی حفاظت کریں یہاں تک کہ اگر کوئی بیرونی دمن ان کے مقابلے کے لئے اٹھ کھڑا ہو اور انھیں آزار پہنچانے کے درپے ہو تو اسلامی حکومت اہلِ کتاب کا دفاع کرے گی ۔
ایسے عہدنامے بہت سے موجود ہیں، ان میں سے ایک کو ہم بطور نمونہ ذیل میں بیان کرتے ہیں، یہ عہدنامہ خالدبن ولید نے اطرافِ فرات کے عیسائیوں سے کیا تھا، عہدنامے کا متن یہ ہے:
ھٰذا کتاب من خالد بن ولید لصلوبا ابن نسطونا وموقہ انّی عاھدتک علی الجزیة والمنعة، فلک الذمة والمنعة، وما منعناکم ففلنا الجزیة والّا، کتب سنة اثنیٰ عشرة فی صفر“-(۱)
میں تم سے معاہدہ کرتا ہوں جزیہ اور دفاع پر کہ جس کے مقابلے میں تم ہماری حمایت آجاوٴگے اور جب تک ہم تمھاری حمایت کرتے رہیں گے ہم جزیہ لینے کا حق رکھتے ہیں ۔
یہ عہدنامہ ۱۲ھ ماہ صفر میں لکھا گیا ۔
یہ امر جاذب نظر ہے کہ تاریخ میں ہے کہ جزیہ کی مقدار معین نہیں تھی اور اس کی مقدار کا تعین جزیہ دینے والوں کی طاقت کو دیکھ کر کیا جاتا تھا اور یہ مقدار کبھی کبھی تو ایک دینار سالانہ سے زیادہ نہیں ہوتی تھی، یہاں تک کہ بعض اوقات عہد ناموں میں یہ شرط ہوتی تھی کہ جزیہ دینے والوں کا فرض ہے کہ وہ اپنی طاقت کے مطابق جزیہ دیں، جو کچھ کہا جاچکا ہے اس تمام سے طرح طرح کے اعتراضات اور زہرافشانیاں جو اس اسلامی حکم کے سلسلے میں کی گئی ہیں ختم ہوجائیں گی اور اس سے ثابت ہوجائے گا یہ ایک عادلانہ اور منطقی حکم ہے ۔

 

۳۰ وَقَالَتْ الْیَھُودُ عُزَیْرٌ ابْنُ اللهِ وَقَالَتْ النَّصَاریٰ الْمَسِیحُ ابْنُ اللهِ ذٰلِکَ قَوْلُھُمْ بِاٴَفْوَاہِھِمْ یُضَاہِئُونَ قَوْلَ الَّذِینَ کَفَرُوا مِنْ قَبْلُ قَاتَلَھُمْ اللهُ اٴَنَّی یُؤْفَکُونَ
۳۱ اتَّخَذُوا اٴَحْبَارَھُمْ وَرُھْبَانَھُمْ اٴَرْبَابًا مِنْ دُونِ اللهِ وَالْمَسِیحَ ابْنَ مَرْیَمَ وَمَا اٴُمِرُوا إِلاَّ لِیَعْبُدُوا إِلَھًا وَاحِدًا لَاإِلَہَ إِلاَّ ھُوَ سُبْحَانَہُ عَمَّا یُشْرِکُونَ
۳۲ یُرِیدُونَ اٴَنْ یُطْفِئُوا نُورَ اللهِ بِاٴَفْوَاہِھِمْ وَیَاٴْبَی اللهُ إِلاَّ اٴَنْ یُتِمَّ نُورَہُ وَلَوْ کَرِہَ الْکَافِرُونَ
۳۳ ھُوَ الَّذِی اٴَرْسَلَ رَسُولَہُ بِالْھُدیٰ وَدِینِ الْحَقِّ لِیُظْھِرَہُ عَلَی الدِّینِ کُلِّہِ وَلَوْ کَرِہَ الْمُشْرِکُونَ
ترجمہ
۳۰۔ یہودیوں نے کہا کہ عزیر خدا بیٹا ہے اور عیسائیوں نے کہاکہ مسیح الله کا بیٹا ہے، یہ بات جو وہ اپنی زبان سے کہتے ہیں ایسی ہے جو گذشتہ کافروں کی بات کے مشابہ ہے، ان پر خدا کی لعنت ہو، وہ کس طرح سے جھوٹ بولتے ہیں ۔
۳۱۔ وہ خدا کے مقابلے میں علماء اور راہبوں (تارکین دنیا) کو ہی معبود قرار دیتے ہیں اور اسی طرح مریم کے بیٹے مسیح کو حالانکہ انھیں حکم دیا گیاہے کہ ایک ہی معبود جس کے سوا کوئی معبود نہیں، کے علاوہ کسی کی عبادت نہ کریں، وہ اس سے پاک ومنزہ ہے کہ جسے اس کا شریک قرار دیتے ہیں ۔
۳۲۔ وہ چاہتے ہیں کہ اپنی آنکھوں سے نور خدا کو بجھادیں لیکن خدا اس کے علاوہ کچھ نہیں چاہتا کہ وہ اپنے نور کو کامل کرے اگرچہ کافر اسے ناپسند کرتے ہیں ۔
۳۳۔ وہ وہ ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور دینِ حق کے ساتھ بھیجا تاکہ اسے تمام ادیان پر غلبہ دے اگرچہ مشرک ناپسند کرتے ہیں ۔

 


1-یہ خط ہے خالد بن ولید کی طرف سے صلوبا (عیسائیوں کے سردار) اور اس کی قوم کے لئے ۔
 
مشرکین کو مسجد میں داخلے کا حق نہیںاہل کتاب کی بت پرستی
12
13
14
15
16
17
18
19
20
Lotus
Mitra
Nazanin
Titr
Tahoma